جنوبی پنجاب میں سیلاب سے صورت حال مزید سنگین ہونے کے باعث ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا کے مقام پر ایم فائیو موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کے مطابق موٹر وے کو بچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہر سو تباہی ہے، ملتان کی تحصیل شجاع آباد اور جلالپور پیروالامیں سیلاب نے درجنوں دیہات کو ڈبودیا، جس کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد ہوگئیں۔
لیاقت پور میں دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پانی منچن بند سےٹکرا گیا، جس سے کئی جگہوں پر شگاف پڑنے لگے اور 300 سے زائد گھر دریا برد ہوگئے۔
متاثرین نے منچن بند پر ڈیرے ڈال لیے ہیں جب کہ تحصیل علی پور میں 14 موضع جات کے سیکڑوں دیہات پانی کی نذرہوگئے۔
پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق جلال پور پیروالا کے مقام پر ایم 5 موٹر وے پر بریچ کا خطرہ ہے، جس کے باعث سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان کاٹھیا کے مطابق سیلابی پانی کے کٹاؤ کے باعث موٹروے میں بریچنگ کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب، این ایچ اے اور متعلقہ انتظامیہ موٹروے کے بچاؤ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں جب کہ موٹروے کو بڑے کٹاؤ سے بچانے کے لیے سینڈ بیگ اور پتھر استعمال کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں جلال پور پیر والا میں پانی میں واضح کمی ہوجائے گی، پنجاب کے دریاؤں میں پانی کے بہاو میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے، پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ کم ہو کر 3 لاکھ 92 ہزار ہو گیا ہے جب کہ گڈو بیراج پر پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 27 ہزار کیوسک ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیت پور کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔
انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ متاثرین کا نقصان پورا کیا جائے گا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ۔
راول ڈیم میں پانی کی گنجائش ختم ہونے کے بعد اسپل ویز کھول دیے گئے۔ اس سے قبل سائرن بھی بجائے گئے جب کہ انتظامیہ نے ڈیم کی قریبی آبادیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 751.80 فٹ ہونے پر اسپل ویز کھولے گئے، راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی آخری حد ایک ہزار 752 فٹ ہے۔