سپیکرقومی اسمبلی کی خصوصی دعوت پرمالدیپ کا پارلیمانی وفد منگل کو پانچ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا

سپیکرقومی اسمبلی کی خصوصی دعوت پرمالدیپ کا پارلیمانی وفد منگل کو پانچ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا

– Advertisement –

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر مالدیپ کا پارلیمانی وفد سپیکر عوامی مجلس عبدالرحیم عبداللہ کی قیادت میں(کل )منگل کو پانچ روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مالدیپ کے مابین پارلیمانی اور سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ سے قریبی تعلقات قائم رہے ہیں جو مشترکہ عقائد، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا دورہ پارلیمانی سطح پر تعاون کو فروغ دینے کے عزم کی غمازی کرتا ہے۔

پاکستان میں قیام کے دوران وفد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ملکی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔ علاوہ ازیں وفد پاکستان مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ اور ارکانِ پارلیمنٹ سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ ان ملاقاتوں میں قانون سازی کے میدان میں تعاون، عوامی روابط اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت ہوگی۔ پارلیمانی وفد اسلام آباد کے تاریخی اور ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا یہ دورہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پارلیمانی سفارتکاری کے اقدامات کا حصہ ہے جن کا مقصد پارلیمانی روابط کو فروغ دینا اور دنیا بھر کی مقننہ کے درمیان تعمیری مکالمے کے نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔مالدیپ کی پارلیمانی قیادت کا یہ دورہ دوطرفہ تعاون کے نئے دور کے آغاز ثا بت ہو گا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا باعث بنے گا۔

– Advertisement –