بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے اپنی نئی ایکشن سے بھرپور فلم “بیٹل آف گالوان” کی شوٹنگ کا آغاز لداخ میں کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ بھارتی ریاست لداخ کے علاقے لیہہ میں شروع ہوئی، جس کا آغاز روایتی گنیش پوجا سے کیا گیا۔
پوجا کی تقریب کے بعد فلم کے پہلے منظر کی عکس بندی کی گئی، جس میں پروڈکشن ٹیم اور قریبی ساتھیوں نے بھی شرکت کی۔
https://www.instagram.com/reel/DN3h6Jg0Fub/?utm_source=ig_web_copy_link
فلم “بیٹل آف گالوان” 2020 کے ایک حقیقی واقعے پر مبنی ہے جب بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان وادی گلوان میں ایک جھڑپ ہوئی تھی۔
دو ممالک کے درمیان جنگ پر مبنی کسی فلم میں سلمان خان پہلی بار جلوہ گر ہوں گے جبکہ مداح اس فلم کو اداکار کے کیریئر کا ایک نیا موڑ قرار دے رہے ہیں۔
یہ فلم نہ صرف ایک جنگی ڈراما سسپنس ہے بلکہ اس میں شائقین کے لیے بڑا سرپرائز بھی ہے۔
پہلی بار سلمان خان اور بالی ووڈ اداکارہ چترانگدا سنگھ ایک ساتھ پردۂ اسکرین پر نظر آئیں گے۔
https://www.instagram.com/p/DOX7ZYbCAK-/?utm_source=ig_web_copy_link
ان کے ساتھ ساتھ ابھلاش چوہدری، انکور بھاٹیہ، وپن بھاردواج، ابھی شری سین، نربھئے چوہدری، سدھارتھ مولی اور زین شا بھی اہم کردار نبھاتے دکھائی دیں گے۔
یاد رہے کہ 6 جولائی 2025 کو فلم کا آفیشل موشن پوسٹر ریلیز کیا گیا تھا جس نے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
صرف ایک منٹ اور 22 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں سلمان خان خون آلود چہرے، تیز نظروں اور فوجی وردی میں دکھائی دیتے ہیں۔ ان کا یہ روپ مداحوں کو پہلے کبھی دیکھنے کو نہیں ملا۔
اگرچہ فلم کی پروڈکشن ٹیم نے باضابطہ ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، لیکن اندرونی ذرائع کے مطابق فلم جنوری یا جون 2026 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بیٹل آف گالوان سلمان خان کی روایت کے مطابق عید پر ریلیز نہیں ہوگی بلکہ ناظرین کو نئے سرپرائز کے طور پر کسی اور بڑے موقع پر دیکھنے کو ملے گی۔
یہ فلم سلمان خان فلمز (SKF) کے بینر تلے بن رہی ہے جبکہ اس کی کہانی چنتن گاندھی، سریش نائر اور چنتن شاہ نے لکھی ہے۔
فلم کی پروڈکشن ٹیم کے مطابق فلم میں صرف جنگی منظرنامے نہیں بلکہ جذبات، قربانی اور قومی جذبے کو بھی بھرپور طریقے سے پیش کیا جائے گا۔