سعودی عرب نے کھیلوں اور تفریحی دنیا میں ایک تاریخی سنگ میل قائم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ 2027 میں عالمی ریسلنگ انٹرٹینمنٹ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے شو ریسل مینیا 43 کی میزبانی کرے گا۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ ریسل مینیا شمالی امریکہ سے باہر منعقد کیا جائے گا۔
یہ اعلان سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی ال شیخ نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریسل مینیا کو ریاض سیزن 2027 کا حصہ بنایا جائے گا، جو مملکت کا سب سے بڑا سالانہ تفریحی اور کھیلوں کا میلہ ہے۔
ترکی ال شیخ نے اس فیصلے کو ”سعودی عرب کے بڑھتے ہوئے تفریحی شعبے کے لیے ایک تاریخی لمحہ“ قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ”ریسل مینیا دنیا بھر میں پروفیشنل ریسلنگ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور اسے ریاض سیزن کے دوران منعقد کرنا ہمارے لیے فخر کی بات ہوگی۔ ہم شائقین کو ایک ایسی یادگار اور شاندار ریسل مینیا دینا چاہتے ہیں جو تاریخ رقم کرے۔“
دوسری جانب ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیف کانٹینٹ آفیسر اور سابق عالمی چیمپئن پال ”ٹرپل ایچ“ لیوسک نے سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ، ”سعودی عرب نے عالمی کھیلوں اور لائیو ایونٹس کی دنیا کا منظرنامہ بدل دیا ہے۔ ہم یہاں ایک ایسی ریسل مینیا پیش کرنے کے منتظر ہیں جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔“
1985 سے ریسل مینیا کی تاریخ شمالی امریکی شہروں تک محدود رہی ہے، تاہم سعودی عرب کے ساتھ یہ نیا معاہدہ ڈبلیو ڈبلیو ای اور مملکت کے تعلقات میں نئی جہت لے کر آیا ہے۔
یہ اعلان سعودی عرب کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت ملک اپنی معیشت کو متنوع بنانے اور ریاض کو عالمی کھیلوں و تفریحی تقریبات کا مرکز بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای اور سعودی عرب کے درمیان 2018 میں 10 سالہ شراکت داری کا معاہدہ ہوا تھا، جس کے تحت ہر سال مملکت میں بڑے شوز اور پریمیم لائیو ایونٹس ( پی ایل ای ایس) جدہ اور ریاض میں منعقد ہو چکے ہیں، جنہیں دنیا بھر سے لاکھوں شائقین نے دیکھا۔
ابتدا میں ان ایونٹس کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے بڑے شوز میں شمار نہیں کیا جاتا تھا، تاہم اس سال ڈبلیو ڈبلیو ای نے رائل رمبل 2026 کو بھی ریاض میں منعقد کرنے کا اعلان کیا، جسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی پیشرفت نے مستقبل میں مزید بڑے ایونٹس سعودی عرب منتقل کرنے کی راہ ہموار کی، جن میں سب سے بڑا ریسل مینیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال لاس ویگاس میں منعقد ہونے والا ریسل مینیا ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ کا سب سے منافع بخش ایونٹ قرار پایا تھا۔ اس شاندار کامیابی کے بعد، ادارے نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلا ریسل مینیا 42 بھی اپریل میں ایک بار پھر لاس ویگاس میں منعقد کیا جائے گا۔