سرکاری حج سکیم کے درخواست گزاروں سے حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر کو کی جائے گی، حج پیکیج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، ترجمان وزارت مذہبی امور

سرکاری حج سکیم کے درخواست گزاروں سے حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر کو کی جائے گی، حج پیکیج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، ترجمان وزارت مذہبی امور

– Advertisement –

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور کی طرف سے حج 2026ء کے حوالہ سے اقدامات جاری ہیں، سرکاری سکیم کے درخواست گزاروں سے حج اخراجات کی دوسری قسط کی یکم نومبر کو وصولی سے قبل حج پیکیج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

پیر کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ نے ”اے پی پی” سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال 2026ء کیلئے سرکاری حج سکیم کے درخواست گزاروں سے حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی یکم نومبر کو کی جائے گی، اس حوالہ سے جلد ہی حج اخراجات کے پیکیج کو حتمی شکل دے کر اعلان کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپرا رولز کے مطابق کیٹرنگ کمپنیوں سے حاجیوں کی خوراک، ٹرانسپورٹ اور رہائش کے حوالہ سے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں جو سعودی عرب کے اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں۔

– Advertisement –

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ مکتب کی پروکیورمنٹ بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایئر لائنز کے ساتھ بھی بات چیت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، توقع ہے کہ ستمبر، اکتوبر کے دوران ہوائی ٹکٹ کے حوالہ سے بھی معاملات ایئر لائنز کے ساتھ طے ہو جائیں گے۔

پرائیویٹ حج سکیم کے حوالہ سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکیم کے حج کی سعادت سے محروم رہ جانے والے تقریباً 21 ہزار افراد کی انٹری کیلئے آن لائن پورٹل پر ان کا ڈیٹا اپ گریڈ کیا جا چکا ہے، جیسے جیسے ان کے مالی معاملات کے حوالہ سے ہمیں معلومات فراہم کی جائیں گی تو ہم پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو نئے حاجیوں کی رجسٹریشن کی اجازت بھی ساتھ ساتھ دیتے رہیں گے۔

 

– Advertisement –