سرکاری اراضی کو پائلٹ پراجیکٹ کےلئے آرگینک زونز قرار دیا جائے، نجم مزاری

سرکاری اراضی کو پائلٹ پراجیکٹ کےلئے آرگینک زونز قرار دیا جائے، نجم مزاری

– Advertisement –

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):آرگینک خوراک اور مصنوعات پر ریسرچ کرنے والے ادارے کے سربراہ نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان عالمی مارکیٹوں میں اپنا شیئر وصول کرنے کےلئے آرگینک زراعت کو قومی زرعی پالیسی کا حصہ بنا کر کسانوں کی تربیت ، سرٹیفکیشن اور برآمدات کے لیے فریٹ میں سبسڈی فراہم کرے ،چاروں صوبوں میں سرکاری اراضی کو پائلٹ پراجیکٹ کےلئے ’’آرگینک زونز ‘‘قرار دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے’’دنیا میں آرگینک خوراک کا بڑھتا رجحان ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ مذاکرے سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پرآرگینک زراعت کے ماہرین بھی موجود تھے جنہوں نے اپنی تجاویزپیش کیں۔

نجم مزاری نے کہا کہ پاکستان سے آرگینک چاول، خشک میوہ جات، شہد اور دیگر مصنوعات کی محدود مقدار میں برآمدات ہو رہی ہیں جوبین الاقوامی طلب کے لحاظ سے بہت کم ہے، امریکا، یورپ، جاپان، چین ،سعودی عرب ، قطر ، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات ان مصنوعات کے بڑے خریدار ہیں، خاص طور پر یورپی یونین کی جانب سے گرین ڈیل کے تحت کیمیکل فری مصنوعات کی درآمدات میں تیزی آئی ہے۔پاکستانی آرگینک خوراک اور مصنوعات کی عالمی معیارکے مطابق سرٹیفکیشن ، لیبلنگ اور پیکنگ کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے بلکہ دیہی معیشت کو بھی نئی زندگی مل سکتی ہے۔

– Advertisement –

انہوں نے کہا کہ آرگینک شعبہ محض ایک عارضی رجحان نہیں بلکہ مستقبل کی ضرورت بن چکا ہے۔ پاکستان میں اس شعبے کی ترقی کے لیے مربوط پالیسی، سرٹیفکیشن کے موثر نظام، کسانوں کی تربیت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے حکومتی سرپرستی نا گزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹیوں میں آرگینک زرعی ریسرچ کے شعبے قائم کیے جائیں تاکہ تحقیق اور جدید تکنیک مقامی کسانوں تک پہنچائی جا سکے۔آرگینک ایکسپورٹ کلپسٹرز بنائے جائیں جس سے پروڈیوسرز، پیکرز اور ایکسپورٹرز کوایک پلیٹ فارم مہیا ہو سکے گا ۔

– Advertisement –