– Advertisement –
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سے ایم کیوایم کے وفد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی اور ملکی امور خصوصاً سیلاب کی موجودہ صورتحال اور نئے صوبوں کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعرات کو یہاں ایم کیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ایم کیوایم کے مرکزی رہنما اور تحریک صوبہ پوٹھوہار کے کنوینر زاہد ملک وفد کی قیادت کر رہے تھے۔
وفد میں ایم کیوایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کرامت علی شیخ اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عمر علی آغا بھی شامل تھے۔ وفد نے محمد علی درانی کو صوبہ بہاولپور کی بحالی اور انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے مل کر کاوشیں کی جائیں گی ۔
– Advertisement –
انہوں نے سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ملک میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام گورننس کو بہتر بنائے گا اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ بلدیاتی نظام کے فقدان سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مشکلات بڑھی ہیں ، محمد علی درانی نے تحریک صوبہ پوٹھوہار کے آغاز پر زاہد ملک کو مبارکباد دی اور اس جدوجہد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
– Advertisement –