روس میں 7.4 شدت کے زلزلے سے زمین لرز گئی جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے اطلاع دی ہے کہ ہفتے کے روز روس کے مشرق بعید میں کامچٹکا کے ساحل پر 7.4 شدت کا زلزلہ آیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ روسی شہر پیٹرو پاولوسک کامچٹسکی سے 111 کلومیٹر (69 میل) مشرق میں، کامچٹکا کے علاقے کے انتظامی مرکز، 39.5 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا ہے۔
سروے میں ابتدائی طور پر زلزلے کی شدت 7.5 بتائی گئی تھی لیکن بعد میں اسے کم کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ یہ زلزلہ اسی علاقے میں آیا ہے جہاں جولائی میں 8.8 شدت کا خوفناک زلزلہ آیا تھا۔ جولائی میں کامچاٹکا جزیرہ نما کے قریب ریکارڈ شدہ سب سے طاقتور زلزلوں میں سے ایک آیا تھا۔
اُس زلزلے کے نتیجے میں بحرالکاہل بھر میں 4 میٹر تک بلند سونامی کی لہریں اٹھیں تھیں، جس کے بعد ہوائی سے لے کر جاپان تک انخلاء کا عمل شروع کیا گیا تھا۔