روسی سفارتخانے کی ایجوکیشنل و کلچرل اتاشی علینا کولیسنیکووا کی وفاقی قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اعزازی مشیر سید عثمان طاہر سے ملاقات

روسی سفارتخانے کی ایجوکیشنل و کلچرل اتاشی علینا کولیسنیکووا کی وفاقی قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اعزازی مشیر سید عثمان طاہر سے ملاقات

– Advertisement –

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):روس کے سفارتخانے کی ایجوکیشنل و کلچرل اتاشی علینا کولیسنیکووا نے جمعہ کو وزارت قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے وفاقی وزیر کے اعزازی مشیر سید عثمان طاہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی و تعلیمی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران فریقین نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور روس کو صدیوں پرانی تہذیبی اقدار اور انسانی رشتے جوڑتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ثقافتی تبادلے، تعلیمی تعاون اور مشترکہ منصوبے دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لا سکتے ہیں۔سید عثمان طاہر نے کہا کہ پاکستان تہذیبوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان روسی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی تقریبات، نمائشوں اور تعلیمی پروگراموں کے انعقاد میں تعاون فراہم کرے گا تاکہ پاکستانی عوام روس کے فنون اور علمی ورثے سے آگاہی حاصل کر سکیں۔

– Advertisement –

علینا کولیسنیکووا نے روس کی جانب سے ثقافتی تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس طلبہ کے تبادلے، تاریخ و ورثے پر مشترکہ تحقیق اور فنون لطیفہ کے فروغ میں تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان کی متنوع ثقافت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگا۔

– Advertisement –