– Advertisement –
اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):قدرتی آفات کو عذاب قرار دینے کی بجائے اسے انسانی زندگی کا چیلنج سمجھتے ہوئے اس کا حل تلاش کیا جائے، سوشل میڈیا کے منفی استعمال نے نوجوان نسل میں تباہی کی بنیادیں گہری کر دی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے زیرِاہتمام دوسرے سالانہ سیرت فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیرت فیسٹیول میں اتھارٹی کی جانب سے یوتھ کنونشن ، کتاب میلے، اسلامی کیلی گرافی نمائش، محفلِ نعت اور نعتیہ مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ شہریوں نے شرکت کی۔ فیسٹیول سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز ، معروف سکالر پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین، رحمت للعالمین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم اور پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمان سمیت ترکیہ اور مراکش کے اسکالرز نے بھی خطاب کیا۔
– Advertisement –
دو روزہ کانفرنس میں سیرت طیبہ کی روشنی میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق ملک اور بیرون ملک سے علماٗ اور اسکالرز نے 70سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان دنیا میں نمایاں کردار صرف اسی بنیاد پر ادا کر سکتا ہے کہ ہم اخلاقیات کے حوالے سے ایک بہترین قوم بنیں۔
مقررین نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات میں مختلف زبانیں سیکھنے، ہر شعبے میں دیانت داری سے کام کرنے اور فرقہ واریت کی نفی کر کے اتحاد و وحدت پر مبنی معاشرے کے قیام کی ہدایت ملتی ہے۔اس موقع پر مقررین نے فیک نیوزکے بڑھتے ہوئے رجحان پر کہا کہ کسی بھی کو آگے بڑھانے سے پہلے تحقیق کر لیں کہ آیا یہ خبر تصدیق شدہ ہے یا نہیں۔
– Advertisement –