راشد خان بڑے بھائی کی دعائے مغفرت کیلئے افغانستان پہنچ گئے

راشد خان بڑے بھائی کی دعائے مغفرت کیلئے افغانستان پہنچ گئے

افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان انتقال کرجانے والے اپنے بڑے بھائی کی دعائے مغفرت میں شرکت کے لیے دبئی سے افغانستان پہنچ گئے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں شریک افغان کرکٹ ٹیم کے 26 سالہ کپتان راشد خان نے افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں اپنے آبائی علاقے میں پہنچ کر اپنے بڑے بھائی حاجی عبدالحلیم شنواری مرحوم کے لیے مقامی مسجد میں ہونے والی فاتحہ خوانی میں شرکت کی۔جمعرات کو مرحوم کے لیے کابل میں دعائے مغفرت ہوگی۔

پاکستان کے شہر پشاور میں مقیم راشد خان کے بڑے بھائی فالج میں مبتلا تھے۔ راشد خان طویل علالت کے بعد انتقال کر جانے والے بڑے بھائی کی نماز جنازہ میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔

راشد خان ایشیا کپ میں گزشتہ روز اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف 94 رنز سے کامیابی پانے والی افغان کرکٹ ٹیم کی قیادت کے بعد کابل پہنچے تھے۔ وہ ایشیا کپ میں 16 ستمبر کو میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف افغان کرکٹ ٹیم کے دوسرے میچ میں قیادت کے لیے واپس دبئی پہنچ جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کی ٹیموں کے درمیان منعقدہ سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے افغانستان کے ڈریسنگ روم پہنچ کر راشد خان سے ان کے بڑے بھائی کی رحلت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی تھی۔