– Advertisement –
ماسکو۔11ستمبر (اے پی پی):روس نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے اسرائیل فلسطین تنازعہ مزید بڑھ جائے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے روسی وزارت خارجہ کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ روس اس حملے کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی، ایک آزاد ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر تجاوز اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال کو مزید کشیدگی اور عدم استحکام کی طرف لے جانے والا اقدام سمجھتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے اپنے دشمنوں سے نمٹنے کے یہ طریقے قابل مذمت ہیں۔ روس نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے کا مقصد پرامن حل تلاش کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچانا ہے۔بعد ازاں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے اس حملے کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس بات کا خطرہ ہے کہ اسرائیلی اقدامات مشرق وسطیٰ میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں ۔
– Advertisement –