دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند؛ نوشہرو فیروز میں کئی بستیاں زیرِ آب، علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور - Pakistan

دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند؛ نوشہرو فیروز میں کئی بستیاں زیرِ آب، علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور – Pakistan

گڈو بیراج پر سیلاب کی سطح مزید بلند ہونے لگی ہے جس پر سندھ حکومت نے الرٹ جاری کردیا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے اندر سات لاکھ کیوسک کا ریلا پہنچ رہا ہے۔ کچے کے مکینوں کو فوری طور پر علاقے سے نکل جانے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ گڈو بیراج پر 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح میں 9 ہزار 800 کیوسک ہوگئی ہے۔

سکھر بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 53 ہزار 140 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 59 ہزار 504 کیوسک ہوگئی ہے۔

کمال ڈیرو کے قریب دریائے سندھ میں سامان منتقلی کے دوران متاثرین کی کشتی اُلٹنے سے پانچ افراد ڈوب گئے جس کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سب کو بچالیا۔


AAJ News Whatsapp

کنڈھ کوٹ میں بھی دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اُتار چڑھاؤ جاری ہے، 80 فیصد کچے کے علاقے سیلاب کی نظر ہوگئے، جبکہ متاثرین بیمار بھی ہونے لگے ہیں۔ گڈو سے لے کر شکارپور تک 90 فیصد لوگ کچے کے علاقوں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

گھوٹکی کچے میں پنجاب سے آنے والا بڑا ریلا گزرنے سے 20 سے زائد دیہات زیر آب آگئے ہیں، بند پر نا کوئی رلیف کیمپ قائم ہوا اور نا ہی متاثرین کو ریسکیو کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔ اوباڑو میں غریب آباد گاؤں کے مکین گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

ادھر دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے پر نوشہرو فیروز میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث کئی بستیاں پانی سے زیر آب آگئی ہیں جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے لگے ہیں۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق نوشہرو فیروز سے 3 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔

کشمور میں سیلابی صورت حال برقرار ہے۔ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح 6 لاکھ 65 ہزار 576 کیوسک ہے۔ گڈو بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔

گڈو بیراج پر اپ اسٹریم میں پانی کی سطح 5 لاکھ 12 ہزار 662 کیوسک ہے۔