حکومت پاکستان نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے لیس کرنے کے عزم پر کاربند ہے ،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

حکومت پاکستان نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے لیس کرنے کے عزم پر کاربند ہے ،وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت

– Advertisement –

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں سے لیس کرنے کے عزم پر کاربند ہے تاکہ وہ نہ صرف ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں بلکہ بین الاقوامی مواقع سے بھی فائدہ اٹھا سکیں۔یہ بات انہوں نے لینگوئجز ٹریننگ پروگرام کی کامیاب تکمیل کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہی۔

اس پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 800 سے زائد طلبہ نے بین الاقوامی زبانوں ’’چینی، جرمن، عربی، جاپانی اور کوریائی ‘‘ میں مہارت حاصل کی، جن میں سے سینکڑوں طلبہ نے چھ ماہ کی جامع اور سخت تربیت مکمل کی۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس پروگرام کو ’’پاکستان کے نوجوانوں سے کیا گیا ایک وعدہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو وہ تمام اوزار فراہم کریں گے جو انہیں ایک روشن مستقبل، معیاری ملازمتوں اور عالمی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے درکار ہیں۔

– Advertisement –

انہوں نے کہا کہ حکومت کا وژن صرف الفاظ تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات کی صورت میں واضح ہو چکا ہے۔ لینگوئجز ٹریننگ پروگرام نیوٹیک، نمل اور وفاقی نظامت تعلیمات کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ شروع کیا گیا اور یہ مستقبل کے تعلیمی اور ہنرمندی کے منصوبوں کے لیے ایک مضبوط ماڈل ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر نے پروگرام میں شامل اساتذہ، ماہرین اور طلبہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی محنت، لگن اور کامیابیاں اس بات کی دلیل ہیں کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ایک نئے، باصلاحیت اور عالمی دنیا سے جڑے ہوئے پاکستان کی علامت ہے۔وزیرِ تعلیم نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ حکومت تعلیم، تربیت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید اقدامات کرے گی تاکہ ہر نوجوان کو اپنی مکمل صلاحیت کے اظہار کا موقع ملے۔

– Advertisement –