حکومت بجلی کی شفاف اور مسابقتی مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر توانائی

حکومت بجلی کی شفاف اور مسابقتی مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر توانائی

– Advertisement –

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہاہے کہ حکومت بجلی کی شفاف اور مسابقتی مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے،Competitive Trading Bilateral Contracts Market(سی ٹی بی سی ایم) اصلاحات پاکستان کے توانائی مستقبل کی ضمانت ہیں، توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اصلاحات کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں سی ٹی بی سی ایم کی سٹیک ہولڈر ورکشاپ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ قابل تجدید اور ماحول دوست توانائی کے ذرائع سے استفادہ کر رہے ہیں تاکہ مجموعی طور پر ماحول بھی بہتر ہو سکے اور شفاف توانائی کے ذرائع سے قوم کی بجلی کی ضرورت پوری ہو سکے ، صنعت کے فروغ اور روزگار کے مواقع پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،800 میگاواٹ وِ ہیلنگ ڈیمانڈ کے لیے آکشن فریم ورک متعارف کروایا جا رہا ہے ۔

– Advertisement –

انہوں نے کہاکہ سی ٹی بی سی ایم برسوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، اس سے شفافیت ، کارکردگی اور مسابقت کو ترویج ملے گی اور پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاور سیکٹر میں اصلاحات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہیں،صارفین کو حقیقی انتخاب اور شفاف مارکیٹ فراہم کریں گے، بڑے صنعتی صارفین وِہیلنگ انتظامات سے براہِ راست مستفید ہوں گے، قابلِ تجدید توانائی کا انضمام حکومت کی اولین ترجیح ہے، برآمدی شعبوں کو سستی اور قابل تجدید توانائی میسر آئے گی ۔

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ اصلاحات معیشت اور عوامی فلاح کے لیے ناگزیر ہیں، سٹیک ہولڈرز کی شمولیت شفاف مارکیٹ کے لیے اہم ہے، اصلاحات مشاورت اور شراکت داری کے اصول پر آگے بڑھ رہی ہیں۔ اویس لغاری نے مزید کہاکہ حکومت آئی ایس ایم او اور نیپرا کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

– Advertisement –