حنیف محمد ٹرافی کرکٹ ٹورنا منٹ کے تیسرے راونڈ میں دوسرے دن بھی بیٹگ کا طوفان تھم نہ سکا۔
گروپ اے میں ملتان اسٹیڈیم پر کراچی وائٹس کے خلاف فیصل آباد اپنی پہلی باری میں 387 رنزجوڑنے میں کامیاب رہی۔ 103 رنز کے ساتھ دوبارہ بیٹنگ کے لیے آنے والے عبدالصمد اپنی ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے، ان کی 191 رنز کی اننگز میں 15 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے، علی شان نے 61 رنز بنائے۔ معاذ خرم نے 75 رنز دے کر6 وکٹیں اپنے نام کیں۔ جواب میں مشکلات کا شکار کراچی وائٹس نے 127 رنز پر 7 وکٹیں کھودیں،خواجہ محمد نافع21، محمد طحہ 18، کپتان سیف اللہ بنگش 15، سعد بیگ 14 اور عبدالباسط 13 رنز بنانے میں کامیاب رہے، عفان خان 22 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں، احمد صافی عبداللہ نے 3 اور شہزاد گل نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح کراچی وائٹس کو حریف ٹیم کی پہلی اننگز کی سبقت ختم کرنے کے لیے مزید 260 رنز درکار اور اس کی صرف 3 وکٹیں محفوظ ہیں۔
گروپ بی میں بارش کے سبب نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی پر تاخیرسے شروع ہونے والے میچ میں صرف 45 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ ڈیرہ مراد جمالی نے کراچی بلوز کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹیں کھو کر146 رنز بنالیے، ابو بکر خان نے 39 رنز بنائے، داود خان 35 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ ہیں۔ ثاقب خان نے 3، محمد عمر اور فہد امین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
عباسیہ اسپورٹس کمپلیکس، رحیم یارخان پرحیدرآباد پہلی اننگزمیں 480 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ محمد سلیمان نے ڈبل سینچری اسکور کرتے ہوئے 36 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 273 رنز بنائے، جواد علی نے 72 رنز کا اضافہ کیا، محمد ابراہیم نے 5، نجیب اللہ چکزئی نے 3 اور عبدالواحد بنگل زئی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں کوئٹہ نے 5 وکٹیں کھو کر 137 رنز بنا لیے، عبدالواحد بنگلزئی 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، بسم اللہ خان نے 39 رنز بنائے، جواد علی نے 3 اور مصطفی ناصر نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ڈرنگ اسٹیڈیم، بہاولپور میں لاہور بلوز نے دوسری اننگز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنا لیے، 11 چوکوں کی مدد سے 121 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ عمر صدیق نے اپنی ٹیم کو خطرات سے نکال لیا، عمران بھٹی نے 45 رنز بنائے، جواد امتیاز نے 3 اور عاقب لیاقت نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
قبل ازیں آزاد جموں و کشمیر نے 71 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 169 رنز بنائے، ارسلان محفوظ نے ناقابل شکست 51 رنز اور حنین شاہ میر نے 32 رنز بنائے۔ عامر جمال نے 34 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، ساجد خان اور حنین شاہ نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔
گروپ بی میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر ملتان نے راولپنڈی کے خلاف اپنی پہلی باری میں5 وکٹوں پر 286 رنز بنا لیے، امام الحق نے 70 رنز کی اننگ کھیلی، عمران رفیق 65 اورعرفات منہاس 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ مبصر خان نے 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس پر 50 اوورز کے کھیل میں لاڑکانہ نے فاٹا کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 99 رنز بنائے اور اس کے 4کھلاڑی آؤٹ ہوئے، محسن رضا 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، فراز عزیز نے 30 رنز بنائے، ثمین گل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔