– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):ستمبر1965کی جنگ کے دسویں رو ز پاکستانی افواج نے شدید جوابی حملہ کرکے بھارتی فوج کو قصور سیکٹر سے پسپا ہونے پر مجبور کردیا ۔اس موقع پر جموں سے سیالکوٹ کی طرف پیش قدمی کی کوشش کرنے والی بھارتی فوج کو بھاری نقصان بھی اٹھانا پڑا۔دوارکا اور جام نگر کے نیول اور ایئر بیس کی پاک فضائیہ کے ہاتھوں تباہی پر بھارتی بحریہ نے اپنی فضائیہ کی شرمناک شکست پر سخت غصے کا اظہار کیا ۔
پاکستانی فوج نے لاہور سیکٹر کے قریب چھوٹے ہتھیاروں سے فائر کرکے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرائے۔سیالکوٹ کے محاذ پر بھارتی فوج کے مزید 7 سینچورین ٹینک تباہ کردیئے گئے اور اس سیکٹر میں تباہ ہونے والے بھارتی ٹینکوں کی تعداد 42 ہوگئی۔مجاہدین نے دراس سیکٹر میں مرال آباد کے مقام پر بھارتی فوج کے مضبوط ٹھکانے تباہ کردیئے۔
– Advertisement –
پاک بحریہ کی برتری کی وجہ سے بحیرہ عرب میں بھارتی بحریہ کی آزادنہ سرگرمیاں بند ہوگئیں۔پاکستان کے لڑاکا طیاروں نے بھارتی فوج کی مدد کو آنے والے بھارتی جیٹ کو لاہور کی فضائی حدود میں مار گرایا۔بھارتی ایئر فورس نے مشرقی پاکستان میں رنگ پور کے علاقے لال مونیزہٹ اور دیناج پور کے ٹھاکر گاوں پر بھاری بم باری کی ۔پاک فوج بھارتی فوج کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کر رہی تھی۔
– Advertisement –