لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت صرف حکومت بنانے کا طریقہ نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا ایک مضبوط اور پائیدار رشتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی حفاظت کو جہاد سمجھنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں کیونکہ اصل طاقت عوام میں ہے اور عوام کی رائے ہی ترقی کا پہلا قدم ہے۔ فتنہ فساد اور تشدد کے ذریعے رائے بنانا جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جمہوریت وہ عہد ہے جہاں اقتدار عوام کے دروازے پر آتا ہے۔ بغیر جمہوریت کے معیشت میں پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ جب جمہوریت مضبوط ہوگی تو تعلیم کے دروازے کھلیں گے، سہولیات میسر آئیں گی اور ہر نوجوان کے خواب پورے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اختلاف رائے کو قبول کرنے کا نام ہے، دشمنی کا نہیں۔ یہی سبق ہے جو ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو دینا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو صرف بچانے کا نہیں بلکہ اسے بہتر بنانے اور دنیا کے لیے ایک مثال بنانے کی ضرورت ہے۔ جمہوریت کو ہم ایسی میراث بنائیں گے جو وقت کی ہر آندھی میں قائم رہے گی۔