پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے شکوہ کیا ہے کہ جتنی مزدور کی دیہاڑی نہیں ہے ہمیں اتنا ڈیلی الاؤنس لینےکا کہا جارہا ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ 400 روپے کے ڈیلی الاؤنس کی بات کرنا زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 400 روپے تو مزدور کی دیہاڑی نہیں ہے اور ہمیں ڈیلی الاؤنس دینے کا کہا جا رہا ہے، یہ ہماری بے عزتی ہے، اس سے بڑھ کر آپ کسی کی کیا بے قدری کریں گے۔
کھلاڑیوں کا مزید کہنا ہے کہ پہلے ہی ڈیلی الاؤنس وقت پر نہیں ملتا اور اب اسے مزدور کی دیہاڑی سے بھی کم کرنے کی بات کی جارہی ہے۔
کھلاڑیوں نے موقف اپنایا کہ روزگار ہے نہیں، اگر حالات اسی طرح چلتے رہے تو ہاکی چھوڑنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اس ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، ملک کی وجہ سے سب کچھ ہے لیکن 400 روپے ڈیلی الاؤنس کی بات سن کر بہت دکھ ہوا۔ ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن 100 ڈالر ڈیلی الاؤنس دیتی ہے، کھلاڑی 100 ڈالرز سے مطمئن نہیں تو 400 روپے پر کیسے کھیلیں گے۔