ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لئے ہنگامی امدادی کارروائیاں جاری

ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کی پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لئے ہنگامی امدادی کارروائیاں جاری

– Advertisement –

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (ٹی آئی کے اے )نے پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لئے ہنگامی امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں ۔ٹی آئی کے اے کے مطابق قصور، جھنگ، بہاولنگر اور مظفر گڑھ کے اضلاع میں ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی بے گھر خاندانوں میں کھانا اور حفظان صحت کی کٹس تقسیم کر رہی ہے۔ اسی کے ساتھ ساتھ موبائل کلینک کے ذریعے لگائے گئے ہیلتھ کیمپ وزیر آباد/سیالکوٹ، قصور اور ملتان میں متاثرہ طبقوں کی خدمت کر رہے ہیں جہاں پر انتہائی ضروری طبی مشاورت اور مفت ادویات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ قبل ازیں خیبر پختونخوا ٹی آئی کے اے نے بونیر اور سوات کے اضلاع میں بھی سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں کھانا تقسیم کیا ۔

اس کے علاوہ موبائل کلینک نے بونیر میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کیں اور عارضی پناہ گاہوں میں حفظان صحت کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے مقامی خاندانوں کو فیملی ہائجین کٹس فراہم کیں ۔پنجاب اور کے پی دونوں میں ہنگامی ردعمل کے ساتھ ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی مجموعی طور پر 50 ہزار سے زیادہ کو کھانا، حفظان صحت کی کٹس اور ضروری صحت کی خدمات کی فراہمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ کوششیں آب و ہوا سے پیدا ہونے والی آفات کے پیش نظر ترکیہ کی پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور ضرورت کے وقت کمزور کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی کے عزم کو واضح کرتی ہیں۔

– Advertisement –