تربیلا ڈیم 27 اگست سے مکمل بھر چکا ہے،وفاقی وزیر آبی وسائل

تربیلا ڈیم 27 اگست سے مکمل بھر چکا ہے،وفاقی وزیر آبی وسائل

– Advertisement –

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو نے کہا ہے کہ تربیلا ڈیم 27 اگست سے مکمل بھر چکا ہے اور ڈیم کا موجودہ لیول 1550 فٹ ہے۔ وزارت آبی وسائل کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق منگلا ڈیم 94 فیصد بھرا ہوا ہے اور مزید 6 فٹ کی گنجائش باقی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب کی کڑی نگرانی جاری ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فیڈرل فلڈ کمیشن نے کہا کہ دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر اونچے درجے جبکہ سکھر بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔

اسی طرح دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ مزید برآں دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور اسلام ہیڈ ورکس کے مقام پر درمیانے درجے ،سلیمانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دریائے راوی جسڑ، شاہدرہ اور بلوکی کے مقامات پر معمول کے مطابق بہہ رہا ہے اور سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ کمیشن نے کہا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں گڈو اور سکھر بیراج میں بہت اونچے درجے کے سیلاب کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر معین وٹو نے کہا کہ سیلاب زدگان کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے گی ۔

– Advertisement –

 

– Advertisement –