بین الاقوامی برادری کو پاکستان میں گلیشیئرز کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تعاون کرنا چاہئے،احسن اقبال

بین الاقوامی برادری کو پاکستان میں گلیشیئرز کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تعاون کرنا چاہئے،احسن اقبال

– Advertisement –

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان میں گلیشیئرز کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تعاون کرنا چاہئے،حکومت سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگارہی ہے،اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر نقصان اور ضروریات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ سے ملاقات میں کہی۔ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر نے پنجاب اور ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہ کاریوں پرافسوس کا اظہارکیا۔وفاقی وزیرنے بتایا کہ راوی، چناب اور ستلج دریاؤں کی طغیانی نے وسیع اراضی کو لپیٹ میں لیا ہے،پنجاب میں سیلاب نے لاکھوں ایکڑ اراضی کو متاثر کیا اورنارووال میں وسیع رقبہ زیرِ آب آیا جس کے نتیجے میں زرعی زمین، انفراسٹرکچر اور مویشیوں کا بڑا نقصان ہوا۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں سیلاب کے ردعمل میں اقوام متحدہ کا تعاون انتہائی قابلِ تعریف ہے،حکومت سیلاب نقصانات کا تخمینہ لگارہی ہے،اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر نقصان اور ضروریات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اپنے وسائل سے تعمیر نو کا آغاز کرے گی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ موسمیاتی تباہی سے نمٹنے کیلئے متاثرہ ممالک کو فنڈز فراہم کرناترقی یافتہ ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے،پاکستان میں سات ہزار سے زیادہ گلیشیئرز ہیں،گلگت بلتستان میں گلیشیئرز بڑے پیمانے پر خطرناک حد تک پگھل رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت گلیشیئرز کے پگھلنے سے ہونے والے موجودہ اورممکنہ نقصانات سے آگاہ ہے اور رواں سال “ گلیشیئرز کا سال”کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان میں گلیشیئرز کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تعاون کرنا چاہئے۔

– Advertisement –