– Advertisement –
اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو قرضہ جات کی فراہمی میں اگست کے دوران سالانہ بنیادوں پر 15.1 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق اگست 2025 کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9 ہزار 484 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 15.1 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 8 ہزار 243 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ نجی شعبے کے کاروبار کو اگست کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 8 ہزار 178 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 15.5 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال اگست کے اختتام پر بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 7 ہزار 78 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں نجی شعبے کے کاروبار کوبینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کے حجم میں ماہانہ بنیادوں پر 0.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کے کاروبار کو فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 8 ہزار 207 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق کنزیومر فنانسنگ کے تحت اگست کے اختتام تک بینکوں کی جانب سے مجموعی طور پر فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم 946 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 17.7 فیصد زیادہ ہے۔
– Advertisement –
گزشتہ سال اگست کے اختتام تک کنزیومر فنانسنگ کے تحت بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 804 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح گھروں کی تعمیر کےلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات کا حجم اگست کے اختتام تک 211 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 4.4 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست کے اختتام تک گھروں کی تعمیر کےلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 202 ارب روپے ریکارڈ کیاگیا تھا ۔
جولائی کے مقابلے میں اگست میں گھروں کی تعمیر کےلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ قرضہ جات میں ماہانہ بنیادوں پر 1.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق گاڑیوں کی خریداری کےلئے بینکوں کی جانب سے جاری کردہ قرضہ جات کا حجم اگست کے اختتام تک 294 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 29.4 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست کے اختتام تک آٹو فنانسنگ کےلئے بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 227 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اسی طرح اگست کے مہینے میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے صارفین نے 169 ارب روپے کی خریداریاں اور ادائیگیاں کیں جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 31.6 فیصد زیادہ ہیں۔
گزشتہ سال اگست میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے 128 ارب روپے کی خریداریاں اور ادائیگیاں کی تھیں۔ اقتصادی ماہرین کے مطابق بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی فراہمی میں اضافے سے معیشت میں تیز روی کی عکاسی ہو رہی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے عرصے میں شرح سود کو 22 فیصد کی سطح سے کم کر کے 11 فیصد کی سطح پر لایا گیا ہے جس کی وجہ سے کاروبار اور دیگر مقاصد کےلئے بینکوں سے قرضہ جات لینے کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
– Advertisement –