برٹش کونسل کے وفد کا بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال

برٹش کونسل کے وفد کا بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت تعاون پر تبادلہ خیال

– Advertisement –

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):ہیڈ آف نان فارمل ایجوکیشن افتخار احمد اور این ایف ای منیجر عون نقوی کی قیادت میں برٹش کونسل کے وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کا دورہ کیا، اس دورے کا مقصد وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور گرین یوتھ موومنٹ (جی وائے ایم) کے تحت باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔یونیورسٹی کے وائس پریذیڈنٹ برائے ریسرچ و انٹرپرائز پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع سید نے وفد کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی آئی یو آئی نوجوانوں کی تربیت، پائیداری اور مہارت سازی جیسے شعبوں میں کام کر رہی ہے جو برٹش کونسل، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) اور یوتھ پروگرام کے مقاصد سے ہم آہنگ ہیں۔

– Advertisement –

ملاقات میں نوجوانوں کی تربیت و ترقی کے لیے باہمی تعاون کے نکات پر گفتگو ہوئی۔ برٹش کونسل کے وفد نے 16 گھنٹے کے ایک تربیتی کورس اور اس کے کیسکیڈ ماڈل کے بارے میں بریفنگ دی، جو پاکستان کی جامعات میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایچ ای سی کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے۔

انچارج ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمنٹل سائنس اور آئی آئی یو آئی کی جی وائے ایم کلب کی فوکل پرسن ڈاکٹر سارہ عامر نے گزشتہ سال کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، جن میں سیمینارز، شجر کاری، آگاہی مہمات اور دیگر پائیدار منصوبے شامل تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے قیام کا بھی ذکر کیا، جس کی انچارج مدیحہ اکرم ہیں۔

ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر حافظ غفران نے پانی کے تحفظ کو کلائمٹ ایکشن کے اہم موضوعات میں شامل کرنے کی بات کی جبکہ افتخار احمد نے برٹش کونسل کے نان فارمل ایجوکیشن کے پانچ موضوعات پر روشنی ڈالی۔

پروفیسر ڈاکٹر آمنہ محمود نے طالبات کی بھرپور شرکت کو سراہا اور ڈاکٹر اسماء نے میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔جی وائے ایم کلب آئی آئی یو آئی میں طلبہ کی قیادت میں منصوبوں کا فعال پلیٹ فارم بن چکا ہے، جن میں تحقیقی مقابلے، صفائی مہمات اور بین الاقوامی تعاون شامل ہیں۔

ڈاکٹر سارہ نے برٹش کونسل کے تعاون سے قطر کے منصوبوں کا بھی حوالہ دیا۔آخر میں ڈاکٹر احمد شجاع سید نے برٹش کونسل، ایچ ای سی اور یوتھ پروگرام کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ نوجوانوں کی تربیت، انٹرن شپس، فیکلٹی کی ترقی اور عالمی شراکت داری کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

– Advertisement –