سوشل میڈیا پر مضحکہ خیز گائیکی سے مشہور ہونے والے چاہت فتح علی خان پر برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں نامعلوم نوجوانوں نے انڈوں سے حملہ کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چاہت علی خان سڑک کنارے کھڑے ہوکر اپنی کوئی پروموشنل ویڈیو ریکارڈ کروا رہے ہیں۔
اسی دوران اچانک دو نوجوان یکے بعد دیگرے سبک رفتاری سے سامنے آئے اور ان کے سر پر انڈے مار کر آناً فاناً فرار بھی ہوگئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک انڈا چاہت علی خان کے سر پر جب کہ دوسرا انڈا سینے پر لگا۔ جس سے ان کا چہرہ اور کپڑے خراب ہوگئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چاہت فتح علی خان اس غیر متوقع اور اچانک پڑنے والی افتاد پر حیران اور پریشان رہ گئے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حملہ آور کون تھے اور واقعے کے محرکات کیا تھے۔
پولیس کی جانب سے تحقیقات سے متعلق بھی کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔