– Advertisement –
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے اے پی پی میگا کرپشن کیس میں گرفتار 7 ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ بدھ کو وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) نے ملزم محمد غواث ، عمران منیر، اظہر فاروق، طاہر گھمن، خرم شہزاد، ادریس چوہدری اور ساجد علی وڑائچ کو عدالت پیش کر کے موقف اختیار کیا کہ ملزمان سے ریکوری اور ریکارڈ سمیت مقدمہ کی تہہ تک پہنچنے کےلئے مزید تفتیش درکار ہے لہٰذا ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے ، دوران سماعت ملزمان کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالف کی۔ قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی کی جانب سے حسنین حیدر تھہیم ایڈووکیٹ ، خرم بٹ اور روحیل اصغر ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے ۔
روحیل اصغر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ گرفتار ملزمان دیگر شریک ملزمان کے ساتھ ملوث ہیں ، انہوں نے جعلی ووچرز بنائے جس کی تحقیقات ضروری ہے اور متعلقہ ملزمان نے بھی فوائد حاصل کئے ہیں ،ان کا ریمانڈ دیا جائے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ پبلک اکائونٹ کمیٹی میں بھی پیش کیا گیا تھا جس کے بعد ایف آئی آر ہوئی ہے۔ مقدمہ کے تفتیشی آفیسر محمد جنید نے عدالت کو بتایا کہ اے جی پی آر سے ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا رہا ، عدالت متعلقہ آفیسرز کو احکامات جاری کرے۔ تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ سیلری کریڈٹ شیٹس کا ریکارڈ اور ملزمان سے ریکوری کرنا ہے لہٰذا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا منظور کی جائے ۔
– Advertisement –
فاضل جج احمد شہزاد گوندل کے استفسار پر مقدمہ کے تفتیشی محمد جنید نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف 38 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے ، ملزمان کے اکائونٹس میں 17 کروڑ اور 21 کروڑ روپے منتقل ہوئے ہیں جن کی چھان بین کےلئے ملزمان کو مزیدتحویل میں رکھنا ضروری ہے ، جس پر عدالت نے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے قومی خبر رساں ادارہ اے پی پی میں کرپشن کے الزام میں 16 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز سپیشل جج سنٹرل ہمایوں دلاور نے 13 ملزمان کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری خارج کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا ۔ ایف آئی اے نے 7 ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
– Advertisement –