– Advertisement –
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نےکہا ہے کہ ایچ پی وی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے، منفی پروپیگنڈا ہمیں اپنی ذمہ داری سے نہیں روک سکتا، والدین اپنی بچیوں کو لازمی ویکسین لگوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی ادارہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کی قیادت میں اور گاوی ویکسین الائنس کے تعاون سے ڈوپاسی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتےہوئے کیا۔
اس سیمینار کا مقصد نوعمر بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی قومی ویکسینیشن مہم کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔سیمینار میں اراکین پارلیمنٹ ڈاکٹر شازیہ سومرو، ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، شہلا رضا اور فرح ناز اکبر ،صحت کے ماہرین اور شراکت داروں نے شرکت کی جبکہ آسیہ تنولی اور کرن بلوچ نے بھی آن لائن شمولیت اختیار کی۔ معزز شرکا میں ڈاکٹر خرم شہزاد (ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ایف ڈی آئی)، ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول (ڈی ایچ او اسلام آباد)، ہما خاور (مینین ڈینیئلز) اور ڈاکٹر روزینہ خالد (ڈبلیو ایچ او) شامل تھیں۔
– Advertisement –
اس موقع پر وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایچ پی وی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے، منفی پروپیگنڈا ہمیں اپنی ذمہ داری سے نہیں روک سکتا- ویکسین کی ایک خوراک کی قیمت 7500 روپے ہے مگر حکومت پاکستان یہ ویکسین بالکل مفت فراہم کر رہی ہے، میں والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنی بچیوں کو لازمی ویکسین لگوائیں۔
ڈوپاسی فاؤنڈیشن کی سی ای اومحترمہ کنزُالایمان نے ادارے کی وسیع سرگرمیوں پر روشنی ڈالی، جن میں کمیونٹی آگاہی، وکالت، صحت فراہم کرنے والوں کی تیاری، سکولوں و ہسپتالوں میں آگاہی سیشنز اور میڈیا و پوڈکاسٹ مہمات شامل ہیں۔ ان اقدامات کو وفاقی وزیر اور ارکان پارلیمنٹ نے سراہا۔ انہوں نے اس سنگ میل کو ممکن بنانے ، پاکستان میں ایچ پی وی ویکسین کو متعارف کرانے اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال کا شکریہ ادا کیا۔
اراکینِ پارلیمان ڈاکٹر شاہدہ رحمانی اور فرح ناز اکبر نے ویکسین سے متعلق افواہوں کے خاتمے اور ہر سطح پر آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کا اختتام حکومتی عہدیداروں، ارکان پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کی جانب سے اجتماعی طور پر کام کرنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قومی مہم کو کامیاب بنانے اور نوعمر بچیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کے لیے مل کر کام کیا جائے ۔
– Advertisement –