ایپل نے آئی فون 17 سیریز اور جدید ڈیوائسز متعارف کرا دیں

ایپل نے آئی فون 17 سیریز اور جدید ڈیوائسز متعارف کرا دیں

ایپل نے آئی فون 17 سیریز اور جدید ڈیوائسز متعارف کرا دیں

کیلیفورنیا : ایپل نے اپنے تازہ ترین لانچ ایونٹ میں نئی آئی فون 17 سیریز کے ساتھ ساتھ جدید سمارٹ واچز اور ایئر پوڈز بھی پیش کر دیے ہیں۔

نئے آئی فون ایئر کو پہلے سے زیادہ پتلا اور مضبوط بنایا گیا ہے، اور اس میں ہائی ڈینسٹی بیٹری دی گئی ہے۔ اس کی قیمت 999 ڈالر ہوگی، جبکہ آئی فون 17 کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کی قیمتیں بالترتیب 1,099 اور 1,199 ڈالر مقرر کی گئی ہیں۔

ایپل کے سی ای او ٹم کُک نے کہا کہ آئی فون ایئر کمپنی کی اب تک کی سب سے بڑی تکنیکی پیش رفت ہے۔ پرو اور پرو میکس ماڈلز میں سب سے نمایاں تبدیلی کیمرا پلیٹیو ہے، جو ایک لمبی افقی بار کی شکل میں ہے۔ اس کی بدولت فون میز پر رکھے جانے پر ہلنے کا خدشہ کم ہو جائے گا۔

نئے ماڈلز میں 48 میگا پکسل کا ٹیلی فوٹو کیمرہ دیا گیا ہے، جو الٹرا وائیڈ اور مین کیمرہ کے برابر ہے، جس سے تصاویر کی تفصیل بہت بہتر ہو گی۔ اس کے علاوہ 4X آپٹیکل زوم متعارف کرایا گیا ہے، جو ڈیجیٹل زوم کے ساتھ 40X تک جا سکتا ہے۔ حالانکہ یہ زوم سام سنگ جیسے دیگر برانڈز کے ماڈلز سے کچھ کم ہے، مگر ایپل نے اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے نئے AI فیچرز بھی شامل کیے ہیں۔

آئی فون ایئر کی موٹائی صرف 5.6 ملی میٹر ہے، جو اسے اب تک کا سب سے پتلا آئی فون بناتا ہے، اور وزن میں بھی پچھلے ماڈلز سے 24 گرام ہلکا ہے۔ اس میں ٹائٹینیم فریم استعمال کیا گیا ہے تاکہ مضبوطی اور ہلکے پن کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس میں نیا A19 پرو پروسیسر اور بہتر بیٹری دی گئی ہے، جس سے بیٹری کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ البتہ، اس ماڈل میں صرف ایک کیمرا ہے اور الٹرا وائیڈ لینس موجود نہیں، جو فوٹوگرافی کے شوقین صارفین کے لیے محدود ہو سکتا ہے۔

ایپل نے اس سال امریکی ٹیرف کے باوجود قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا تاکہ صارفین پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

ساتھ ہی، ایپل نے اپنی سمارٹ واچ لائن میں واچ سیریز 11، واچ الٹرا 3 اور واچ SE متعارف کروائیں، جن میں صحت اور فٹنس کے نئے فیچرز شامل ہیں۔ آڈیو کے شوقین افراد کے لیے نئی ایئر پوڈز پرو 3 بھی لانچ کی گئی ہیں، جو بہتر آواز اور کارکردگی فراہم کریں گی۔