ایشیا کپ ٹی 20 میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل آرہی ہیں، پاک بھارت سنسنی خیز ٹاکرے سے پہلے دبئی پولیس الرٹ ہوگئی اور ممنوعہ اشیا کی فہرست جاری کردی ہے جب کہ قوانین کی خلاف ورزی پر ایک سے 3 ماہ قید اور 23 لاکھ روپے تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔
ایشیاء کپ میں پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج میچ سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کو سخت وارننگ جاری کی ہے۔
دبئی پولیس نے عوام کو مطلع کیا ہے کہ اسٹیڈیم کے دروازے مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 پر شروع ہونے والے میچ کے لیےاسٹیڈیم کے دروازے 3 گھنٹے پہلے کھول دیے جائیں گے جب کہ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 4 بجے کھیلیں گے اور جو افراد اسٹیڈیم میں داخل ہونا چاہتے ہیں، انہیں داخلے کی اجازت صرف تبھی ملے گی جب وہ ایک درست ٹکٹ دکھائیں گے اور ایک بار اندر آنے کے بعد واپسی کے دروازے بند ہیں۔
پولیس نے غیر مجاز پارکنگ سے خبردار کرتے ہوئے مداحوں کو یقین دہانی کرائی کہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مخصوص جگہیں مختص ہوں گی۔ مزید یہ کہ ایک بار اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے بعد دوبارہ داخلہ نہیں دیا جائے گا۔
دبئی کی ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی نے کرکٹ میچ کے دوران شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ قوانین کی پاسداری کریں تاکہ متحدہ عرب امارات کی تہذیب اور مہذب تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی میں کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سے سختی سے نمٹا جا ئے گا۔
دبئی پولیس کے ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق بغیر اجازت اسٹیڈیم میں داخلے اور ممنوعہ اشیا لانے پر ایک سے تین ماہ کی قید اور 5 ہزار سے 23 ہزار درہم کا جرمانہ ہوسکتا ہے، جو پاکستانی 3 لاکھ 83 ہزار سے تقریباً 23 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
میچ کے دوران اشتعال انگیزی تماشائیوں، کھلاڑیوں یا میدان میں چیزیں پھینکنے، توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر بھی قید کی سزا ہوسکتی ہے، جس پر 10 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کرکٹ شائقین اپنے ساتھ جھنڈے بینرز، آتش بازی کا سامان، ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز، زہریلا مادہ اور پالتوجانور اسٹیڈیم نہیں لاسکتے۔ اس کے علاوہ سیلفی اسٹکس، پاور بینکس، مونوپوڈ، لیزر پوائنٹرز، شیشے کی اشیا، چھتری، تیز دھار اشیا، تمباکو اور کھانے پینے کی اشیا لانا بھی ممنوع ہے۔