ایشیا کپ: سلمان آغا کی فٹنس سے متعلق تشویش پر ٹیم مینجمنٹ کا بیان سامنے آگیا

ایشیا کپ: سلمان آغا کی فٹنس سے متعلق تشویش پر ٹیم مینجمنٹ کا بیان سامنے آگیا

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی فٹنس کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سلمان آغا نے گردن میں تکلیف کی وجہ سے گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا تھا۔

ٹیم مینجمنٹ نے واضح کیا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو کر ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران کپتان کو گردن کے گرد پٹی باندھے دیکھا گیا جبکہ وہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح وارم اپ اور فٹبال ڈرلز میں شریک نہ ہوئے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیا مینیجرکا کہنا ہے کہ کپتان کی فٹنس سے متعلق کوئی سنگین مسئلہ درپیش نہیں ہے بلکہ یہ ایک معمولی درد  ہے جس کے باعث انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق سلمان آغا کا سیشن سے غیر حاضر رہنا محض احتیاطی اقدام تھا تاکہ وہ مکمل صحت کے ساتھ ٹیم کے اگلے میچز میں شامل ہوسکیں۔

ٹیم ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ سلمان علی آغا جمعے کے روز عمان کے خلاف ایشیا کپ کے پہلے میچ میں فٹ اور دستیاب ہوں گے۔

تاہم سب کی نظریں 14 ستمبر کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج مقابلے پر جمی ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں شارجہ میں سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتی جہاں فائنل میں گرین شرٹس نے محض 142 رنز کا دفاع کرتے ہوئے افغانستان کو 66 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔

اس شاندار کامیابی کے بعد ٹیم پر اعتماد ہے کہ وہ ایشیا کپ میں بھی بھرپور کارکردگی دکھائے گی۔