ایشیا کپ: بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشلز کو پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے سے روک دیا - Sports

ایشیا کپ: بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنے آفیشلز کو پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے سے روک دیا – Sports

ایشیا کپ 2025 میں پاک بھارت میچ سے پہلے بڑے بورڈ کی چھوٹی حرکت سامنے آئی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے آفیشلز کو ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا دیکھنے سے روک دیا ہے۔ بھارتی بیٹنگ کوچ سے سوال ہوا تو کہا کہ حکومت کی اجازت پر صرف میچ کھیلنے آئے ہیں جب کہ بی سی سی آئی کے سابق صدر انوراگ ٹھاکر نے کھیلنے کو مجبوری قرار دیا۔

بھارت میں بڑھتی ہوئی بائیکاٹ مہم کے پیشِ نظر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے عہدیداروں نے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے اہم میچ سے خود کو دور رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کو کرکٹ حلقوں میں ”خاموش بائیکاٹ“ قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ مقابلے دنیا بھر میں سب سے زیادہ توجہ حاصل کرتے ہیں اور ہمیشہ ہاؤس فل اسٹیڈیمز کے ساتھ کھیلے جاتے ہیں۔ تاہم اس بار صورت حال مختلف ہے۔ پاہلگام دہشت گرد حملے، جس میں 26 افراد جاں بحق ہوئے تھے، اور اس کے بعد شروع ہونے والے ”آپریشن سندور“ کے باعث بھارتی شائقین نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں۔

دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے بیشتر اعلیٰ عہدیداروں نے 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول گروپ اے میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاحال کوئی سینئر آفیشل دبئی نہیں پہنچا جب کہ اسی سال چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاک بھارت میچ میں تمام بڑے عہدیدار موجود تھے۔


AAJ News Whatsapp

ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی سیکرٹری دیواجیت سائیکیا، آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومل، خزانچی پرابھتیج بھاٹیا اور جوائنٹ سیکرٹری روہن دیسائی دبئی نہیں جائیں گے۔

تاہم قائم مقام صدر راجیو شکلا جو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایگزیکٹو بورڈ کے رکن بھی ہیں امکان ہے کہ میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں۔ آئی سی سی چیئرمین جے شاہ امریکا میں ہونے کے باعث میچ سے غیر حاضر رہیں گے۔

ایک بی سی سی آئی آفیشل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت کی اجازت کے بعد ہی میچ کھیلنے پر اتفاق کیا گیا تھا تاہم اعلیٰ حکام اس خدشے کے باعث کیمروں سے دور رہنے کا فیصلہ کر رہے ہیں کہ ان کی موجودگی پر مخالفانہ فضا پیدا ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عہدیدار صرف بھارت کی جیت کے بعد ہی کیمروں پر دکھائی دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان دونوں نے ایشیا کپ 2025 کے اپنے افتتاحی میچ جیت لیے ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ 14 ستمبر کو دبئی میں ہونے والا روایتی ٹاکرا کس رخ اختیار کرتا ہے اور دونوں ٹیموں کا میدان میں رویہ کیسا رہتا ہے۔