– Advertisement –
لندن۔15ستمبر (اے پی پی):مانچسٹر سٹی نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈکو شکست دے دی جبکہ دفاعی چیمپئن لیورپول کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد برنلے کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کا 34 واں سیزن انگلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔اتحاد سٹیڈیم مانچسٹر کے مقام پر کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں مانچسٹر سٹی اور مانچسٹر یونائیٹڈکی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈکو باآسانی 0-3 گول سے ہرا دیا،ایرلنگ ہالینڈنے 2 جبکہ فل فوڈن نے 1 گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ مانچسٹر سٹی کی لیگ میں دوسری فتح ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔ٹرف مور برنلے کے مقام پر کھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپئن لیورپول اور میزبان ٹیم برنلے کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں لیورپول کی ٹیم نے انتہائی سخت مقابلے کے بعد میزبان برنلے کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ لیورپول کی جانب سے واحد گول محمد صلاح نے سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار اداکیا۔ یہ لیورپول کی ای پی ایل میں مسلسل چوتھی فتح ہے اور اس کامیابی کے بعد دفاعی چیمپئن لیورپول کی ٹیم سب سے زیادہ 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔
– Advertisement –