MARYLAND:
امریکا کی مشہور یو ایس نیول اکیڈمی میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک سابق مڈشپ مین اسلحہ لے کر اکیڈمی میں داخل ہو گیا جس کے باعث اکیڈمی میں اچانک سیکیورٹی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
نیوی کے فیس بک پیج پر جاری بیان کے مطابق لاک ڈاؤن انتہائی احتیاط کے تحت کیا گیا، جب کہ فوجی اہلکار اور مقامی پولیس ایک سنگین خطرے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
امریکی نیوز چینل نے دعویٰ کیا ہے کہ اکیڈمی سے نکالے گئے ایک سابق مِڈشِپ مین نے مبینہ طور پر ہتھیار کے ساتھ دوبارہ کیمپس میں داخل ہو کر سنسنی پھیلا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابقہ مڈشپ مین نے بینکرافٹ ہال جو کہ کیڈٹس کا رہائشی کمپلیکس ہے میں داخل ہو کر کمروں کا دروازہ کھٹکھٹاتا رہا اور خود کو فوجی اہلکار ظاہر کیا، بینکرافٹ ہال سے فائرنگ کی آوازیں سننے کی بھی اطلاعات ہیں
نیول سپورٹ اتھارٹی انناپولس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نیول اکیڈمی کو لاحق ممکنہ خطرے کے پیش نظر بیس کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔
نیوی کی سیکیورٹی فورسز اور مقامی قانون نافذ کرنے والے ادارے مشترکہ طور پر صورتحال کو قابو میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
تاحال حکام کی جانب سے کسی گرفتاری یا جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم صورتحال کشیدہ ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔