افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں مقامی حکومت کے ترجمان احمد اللہ متقی نے اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام ایک سڑک حادثے میں 71 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں 17 بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کابل کی جانب آنے والی ایک بس جس میں واپس بھیجے جانے والے مہاجر سوار تھے، ایک ٹرک اور موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے بعد اچانک آگ پکڑ گئی۔پولیس کے مطابق “تیز رفتاری اور لاپرواہی کی وجہ سے بس مرکزی سڑک سے ہٹ گئی اور ہرات صوبے میں ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔واضح رہے کہ ملک میں 2024 ءکے دوران 4,000 سے زائد سڑک حادثات رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں تقریباً 2,000 افراد ہلاک اور 700 زخمی ہوئے، جس کی معلومات طالبان کی ٹریفک ڈائریکٹوریٹ نے فراہم کی ہیں۔ اقتصادیات کے شعبے کی وزارت اطلاعات کے مطابق طالبان کے اگست 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سڑک حادثات کی تعداد پانچ گنا بڑھ گئی ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق 2021ء میں افغانستان میں سڑک حادثات کے سبب شرح اموات 24.1 فی 100,000 نفوس ریکارڈ کی گئی جو ایشیاء کے اوسط کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔اسی طرح ان حادثات سے ہونے والے اقتصادی نقصانات ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، جو افغانستان کی مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 8 فیصد بنتے ہیں۔
