اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کے خلاف قائم کی گئی کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز علی ڈوگر نے جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو کمیٹی کی سربراہی سے ہٹا دیا ہے اور نئی کمیٹی کی ذمہ داری جسٹس انعام امین منہاس کے سپرد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے آج ہی خواتین کو ہراساں کیے جانے کے خلاف شکایات کی سماعت کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ یہ کمیٹی وکیل ایمان مزاری کی جانب سے دائر کردہ شکایت کے بعد تشکیل دی گئی تھی۔
تاہم چیف جسٹس کی جانب سے فوری اقدام لیتے ہوئے نہ صرف کمیٹی کو تحلیل کر دیا گیا بلکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو اس معاملے سے الگ بھی کر دیا گیا۔
نئی تشکیل دی گئی کمیٹی میں جسٹس انعام امین منہاس کے ساتھ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ارباب محمد طاہر بھی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی اب اسلام آباد ہائی کورٹ میں خواتین سے متعلق ہراسانی کی شکایات کی سماعت کرے گی۔