– Advertisement –
اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):ڈیپارٹمنٹ آف لائبریریز اسلام آباد اور سخن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اسلام آباد پبلک لائبریری میں ممتاز شاعر عقیل عباس کے شعری مجموعے “بر قاب” کی تقریبِ رونمائی و مشاعرے کا شاندار اہتمام کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد حماد نے حاصل کی اور نعتِ رسول ﷺ عشرت نسیم نے پیش کی۔تقریب کی صدارت جدید اردو نظم کے منفرد شاعر، فکشن نگار اور محقق ڈاکٹر وحید احمد نے کی، جبکہ دیگر معزز مہمانانِ گرامی میں رحمان حفیظ، سید شمشیر حیدر اور خضر سلیم کھوکھر شامل تھے۔معروف نقاد وقاص عزیز نے کتاب کے فنی رخوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے جدید اردو غزل کا کامیاب مجموعہ قرار دیا۔
عثمان حالم نے اساطیری حوالے اجاگر کیے جبکہ واہ کینٹ سے تشریف لائے نوجوان نقاد حسن جمیل نے اجمالی و تنقیدی جائزہ پیش کرتے ہوئے عقیل عباس کو نئی روایت کا نمائندہ شاعر قرار دیا۔سینئر شاعر رحمان حفیظ نے بھی ان کی شاعری کو سراہا۔ صدرِ محفل ڈاکٹر وحید احمد نے اپنے خطاب میں عقیل عباس کے شاعرانہ خیالات و اسلوب کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بر قاب کی اشاعت جدید اردو غزل کے منظرنامے میں خوشگوار اضافہ ہے۔
– Advertisement –
پروگرام کے دوسرے حصے کی نظامت نوجوان شاعر و براڈکاسٹر محمد علی نیاز نے کی اور محفل کو جاذبِ نظر بنا دیا۔ مشاعرے میں طاہر خان، سعد مجید، حسن ابن ساقی، فخر کفایت، بسمل ہاشمی، عامر قریشی، عامر ڈھڈی راجپوت، حنا قریشی، اتفاق بٹ، وقاص عزیز، حسن جمیل، سید شمشیر حیدر، رحمان حفیظ، خضر سلیم کھوکھر، عقیل عباس، ڈاکٹر سلیم اختر اور ڈاکٹر وحید احمد نے اپنا شعری کلام پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد حاصل کی.
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف لائبریریزشیخ محمد ارشد نے اپنے خطاب میں تمام شعراء و شرکاء کو خوش آمید کہا اور ان کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سخن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ایک خوبصورت اور کامیاب ادبی نشست کا انعقاد ہوا ہے، اس نوعیت کے پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے، میری اور میرے اسٹاف کی خدمات ہمیشہ ادب و ثقافت کے فروغ کے لیے حاضر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کی ادبی تقریبات کے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تقریب کے شرکاء نے اسے یادگار اور تاریخ ساز ادبی محفل قرار دیا۔
– Advertisement –