– Advertisement –
اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے دفتر برائے پروفیشنل ٹریننگز کے زیرِ اہتمام دو روزہ فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام بعنوان “فیکلٹی کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے بااختیار بنانا: تدریس، تحقیق اور علمی معیار میں جدت” کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ کو تدریس اور تحقیق میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق آگاہی اور عملی مہارت فراہم کرنا ہے۔
ورکشاپ میں مختلف شعبہ جات کے اساتذہ نے شرکت کی اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ تربیتی سیشنز کی سربراہی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف کمپیوٹر سائنس عبادت انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر مریم ظفر نے کی جنہیں تدریس اور تحقیق میں 16 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔
– Advertisement –
انہوں نے مصنوعی ذہانت کے بنیادی تصورات، ایڈاپٹو لرننگ ٹولز، تحقیقی معاونت اور تعلیمی میدان میں اے آئی کے اخلاقی پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ورکشاپ میں اے آئی ٹولز کے عملی مظاہرے، گروپ سرگرمیاں اور اے آئی پر مبنی تدریسی حکمت عملیوں کی تیاری بھی شامل تھی۔
اس دوران شرکا نے اے آئی کے ذمہ دارانہ استعمال، تعلیمی دیانت، سرقہ اور تعصب جیسے اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ یہ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کی اس کاوش کا حصہ ہے جس کا مقصد اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت اور انہیں بدلتی ہوئی تعلیمی دنیا میں قائدانہ کردار کے لئے تیار کرنا ہے۔
– Advertisement –