اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس، قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس، قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

– Advertisement –

جدہ ۔10ستمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ۔ او آئی سی نے گزشتہ روز جاری بیان میں دوحہ پر اسرائیلی حملے کو سنگین اشتعال انگیزی قرار دیا جو علاقائی سلامتی و استحکام کو خطرے میں ڈالتی ہے اور عالمی امن و سلامتی کو نقصان پہنچاتی ہے۔

اسلامی ممالک نے قطر کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت پر کھلی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے تنظیم کے چارٹر، اسلامی سربراہی اجلاس کی قراردادوں اور وزرائے خارجہ کونسل کے فیصلوں کی بنیاد پر اس بات کا اعادہ کیا کہ تنظیم کسی بھی رکن ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے۔

– Advertisement –

او آئی سی نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سلامتی، علاقائی سالمیت، استحکام اور اس کے شہریوں و رہائشیوں کی حفاظت کی مکمل حمایت کی۔ تنظیم نے اس بات کی بھی توثیق کی کہ وہ قطر کی جانب سے اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لئے کیے گئے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

او آئی سی نے ایک بار پھر بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور اسرائیل کو خطے میں اپنی مسلسل اور سنگین جارحیت ختم کرنے پر مجبور کرے اور اسے بین الاقوامی قانون اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کی تعمیل کا پابند بنائے۔

– Advertisement –