اسرائیل کا قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی تحریک کے ارکان کی رہائش گاہوں پر حملہ

اسرائیل کا قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی تحریک کے ارکان کی رہائش گاہوں پر حملہ

– Advertisement –

دوحہ۔9ستمبر (اے پی پی):اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی تحریک کے ارکان کی رہائش گاہوں پر حملہ کیا ہے۔ منگل کو قطر نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں خلیجی ملک میں مقیم فلسطینی تحریک کے ارکان کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیاہے۔ قطر وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ریاست قطر بزدلانہ اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتی ہے جس میں قطری دارالحکومت دوحہ میں فلسطینی تحریک کے ارکان کی رہائش گاہوں کو نشانہ بنایا گیاہے۔

امریکہ اور مصر کے ساتھ ساتھ قطر نے اسرائیل فلسطین جنگ کو ختم کرنے کی کوششوں کے متعدد دور کی قیادت کی ہے تاہم مذاکرات کے کئی ادوار بھی جنگ کا خاتمہ نہیں کر سکے۔ ایران نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام بین الاقوامی قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے، قطر کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے اور فلسطینیوں پر حملہ ہے۔ غزہ میں فلسطینی تحریک کے ایک اہلکار نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ گروپ کے مذاکرات کاروں کو دوحہ میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب اسرائیل نے فلسطینی علاقے غزہ پر مہلک حملے تیز کر دیئے ہیں۔

– Advertisement –