اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں چھاپے، 100 سے زائد فلسطینی گرفتار - World

اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے میں چھاپے، 100 سے زائد فلسطینی گرفتار – World

اسرائیلی فوج نے ویسٹ بینک میں چھاپے مارنے کے دوران 100 سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 100 سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور شہر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی کارروائی کے بعد ویسٹ بینک میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ غزہ سٹی میں اسرائیلی آپریشن تیز ہونے کے بعد شہری محفوظ مقامات کی طرف روانہ ہوگئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے طولکرم میں کارروائیوں کا آغاز اس وقت کیا جب دو اسرائیلی فوجی اس وقت زخمی ہوئے جب ان کی گاڑی کو ایک ”دھماکہ خیز مواد“ سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے نمائندے کے مطابق اسرائیلی فوجی دکانوں اور کیفوں میں گھس آئے، گاہکوں اور گاڑیوں میں موجود شہریوں کو حراست میں لیا، اور انہیں ایک قطار میں اسرائیلی فوجی چیک پوسٹ کی جانب چلنے پر مجبور کیا گیا۔


AAJ News Whatsapp

مقبوضہ مشرقی یروشلم میں رواں ہفتے ہونے والی فائرنگ کے حملے سے چھ افراد ہلاک ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے قبول کی تھی۔ اس حملے میں دونوں مشتبہ حملہ آور بھی مارے گئے۔

بعد ازاں اسرائیل نے ان دونوں حملہ آوروں کے گھروں کو منہدم کرنے اور ان کے خاندانوں اور آبائی علاقوں قطنہ اور القبیبہ (مغربی کنارے میں یروشلم کے شمال مغرب میں واقع قصبے) پر پابندیاں عائد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

الجزیرہ کی رپورٹر نے منگل کو بتایا تھا کہ اُن علاقوں میں مکمل ناکہ بندی اور لاک ڈاؤن ہے۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں اجتماعی سزا کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے۔