– Advertisement –
تاشقند۔11ستمبر (اے پی پی):ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف اور ان کے فن لینڈ کے ہم منصب الیگزینڈر اسٹب کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون بالخصوص تجارت، معیشت اور انسانی شعبوں میں تعاون کے فروغ بارے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ازبک خبررساں ادارے(یوزیڈ اے )کے مطابق دونوں رہنمائوں نے جاری تعمیری سیاسی روابط اور بین الپارلیمانی تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے مزید تعاون کے امکانات پر خصوصی توجہ دی جن میں زراعت، کیمیکلز، توانائی، کان کنی، ٹیلی کمیونی کیشنز اور دیگر جدید صنعتیں شامل ہیں نیز تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجیز کے نفاذ پر بھی غور کیا گیا۔
– Advertisement –
دونوں رہنمائوں نے مخصوص منصوبوں کی تیاری کے لیے بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس اور دونوں ممالک کی نمایاں کمپنیوں کی شمولیت کے ساتھ بزنس فورم منعقد کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے موجودہ بین الاقوامی ایجنڈے پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کا حل بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر پُرامن طریقے سے نکالا جانا چاہیے۔
ادھر، ایک رپورٹ کے مطابق 2024 میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تجارتی حجم میں سالانہ بنیاد پر 24 فیصد اضافہ ہوا، 2022 سے فن لینڈ کی نارڈک یونیورسٹی ازبکستان میں کامیابی سے کام کر رہی ہے جبکہ سکول کی سطح پر تعلیم کے شعبے میں بھی مختلف منصوبے جاری ہیں۔
– Advertisement –