ارشد ندیم عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے فٹ قرار، گولڈ میڈل کی امید روشن - Sports

ارشد ندیم عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے فٹ قرار، گولڈ میڈل کی امید روشن – Sports

پاکستان کے مایہ ناز اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

اُن کے کوچ سلمان بٹ اور فزیو ڈاکٹر اسد عباس شاہ نے ارشد کی صحت اور کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ارشد نہ صرف فٹ ہیں بلکہ اس بار بھی پاکستان کے لیے گولڈ میڈل کے مضبوط امیدوار ہیں۔“

ارشد ندیم ان دنوں پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں صبح و شام سخت تربیتی سیشنز میں مصروف ہیں، جن میں ان کی فزیکل کنڈیشننگ، رننگ اور جیولن تھرو کی خصوصی مشقیں شامل ہیں۔


AAJ News Whatsapp

کوچنگ اسٹاف کا کہنا ہے کہ ارشد کی فارم اور فٹنس مثالی ہے اور وہ ٹوکیو میں عالمی سطح پر ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کرنے کو تیار ہیں۔

ارشد ندیم 9 ستمبر کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو روانہ ہوں گے جہاں وہ 17 اور 18 ستمبر کو ہونے والے جیولن تھرو مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

کوچ سلمان بٹ نے کہا، ”ہمیں پورا یقین ہے کہ ارشد ندیم ایک بار پھر قوم کو فخر کا موقع دیں گے اور سونے کا تمغہ لے کر وطن واپس آئیں گے۔“

پاکستانی عوام، کھیلوں کے شائقین اور اسپورٹس اتھارٹیز کی نظریں ایک بار پھر ارشد ندیم کے شاندار کم بیک پر جمی ہوئی ہیں، جو عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستانی پرچم سر بلند کرنے کے لیے تیار ہیں۔