ابوظہبی میں موسم کی پیشگوئی کے لیے مصنوعی ذہانت پر بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

ابوظہبی میں موسم کی پیشگوئی کے لیے مصنوعی ذہانت پر بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز

– Advertisement –

ابوظہبی۔9ستمبر (اے پی پی):ابوظہبی کے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی میں آج سے موسم کی پیشگوئی کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس ‘موسم کی پیشن گوئی کے لیے ’’مصنوعی ذہانت: پیش قدمی، چیلنجز اور مستقبل‘‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ کانفرنس 11 ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے 50 سے زائد ماہرین شرکت کر رہے ہیں اور انہیں 12 کلیدی سیشنز میں اظہارِ خیال کا موقع دیا گیا ہے۔

کانفرنس ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کی سرپرستی میں منعقد ہو رہی ہے، جس میں مائیکروسافٹ، گوگل، اینویڈیا، آئی بی ایم، اور یورپی سینٹر برائے موسمیاتی پیشگوئی سمیت کئی معروف عالمی ادارے اور تحقیقی ادارے شریک ہیں۔اس کا مرکزی موضوع یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے ذریعے موسمیاتی پیشگوئیوں کو کس طرح زیادہ درست، قابلِ بھروسا اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے، خصوصاً ان ممالک کے لیے جو ترقی پذیر ہیں اور محدود وسائل رکھتے ہیں۔منگل کو افتتاحی اجلاس میں ماہرین نے زمین کے نظام کی پیشگوئی، موسمیاتی ڈیٹا کی ضروریات، اور اے آئی کو محکمہ موسمیات میں شامل کرنے کے موضوعات پر گفتگو کی۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ کہ اکیڈمیا، سرکاری اداروں اور نجی صنعت کے درمیان بھرپور تعاون، انسانی نگرانی، نتائج کی تصدیق اور خدمات تک منصفانہ رسائی لازمی ہے تاکہ اے آئی پر اعتماد قائم رکھا جا سکے۔

– Advertisement –