– Advertisement –
اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):حریت رہنما الطاف حسین وانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، عوامی ایکشن کمیٹی،مہاجر ایکشن کمیٹی،میڈیا اور عوامی نمائندے اجتماعات میں بات کرتے ہوئے توازن سے کام لیں،بات چیت سے تمام مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔اپنے ایک بیان میں الطاف وانی نے کہا کہ مطالبات سامنے لانا عوام کا حق ہے اور ان کے حل کےلئے حکومت نے راستے نکالنے ہیں، کچھ مطالبات شاید قانونی اور آئینی راستہ اختیار کرنے سے حل ہو ں گے اور کچھ معاملات میں مالی صورت حال کا بھی عمل دخل ہوگا تاہم اس کا حل بات چیت سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کسی بھی غیر یقینی صورتحال اور سیاسی افرا تفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔الطاف وانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے استحکام سے تحریک آزادی کشمیر اور لاکھوں شہداء کی قربانیاں منسلک ہیں،آزاد کشمیر کے استحکام سے پاکستان کا دفاعی استحکام منسلک ہے،آج جب کہ دنیا میں بھارت کا چہرہ ہر طرف بے نقاب ہورہا ہے اور ہر سطح پر اس کی ناکامی ہو رہی تو آزاد کشمیر سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا، سیاسی رہنما اس کا ادارک رکھتے ہوں گے اور میری گزارش ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار اعلیٰ سطح پر ادا کریں ۔
– Advertisement –