اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر عوامی ریلیف کے تحت وفاقی کابینہ نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے گیس کنکشنز کے منتظر صارفین کو آر ایل این جی (ری-گیسِیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس) کنکشنز فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کی سفارش پر دی گئی منظوری کے بعد سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیاں فوری طور پر کنکشنز کی فراہمی کا عمل شروع کریں گی۔ حکام کے مطابق آر ایل این جی پر فراہم کی جانے والی گیس، صارفین کے لیے ایل پی جی کے مقابلے میں 30 فیصد کم قیمت پر دستیاب ہوگی، جس سے گھریلو صارفین کو نمایاں مالی ریلیف ملے گا۔
دوسری جانب، کابینہ نے وزارتِ ریلوے کی سفارش پر ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے مابین مجوزہ ریلوے منصوبے کے لیے سہ فریقی حکومتی فریم ورک معاہدے کی توثیق بھی کر دی ہے۔ یہ معاہدہ گزشتہ ماہ دستخط ہوا تھا اور علاقائی تجارت و روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک سٹریٹجک قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC)، بین الحکومتی تجارتی لین دین (CCoIGCT) اور قانون سازی کیسز سے متعلق کابینہ کمیٹیوں کے حالیہ فیصلوں کی بھی توثیق کر دی ہے۔