– Advertisement –
اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):بین الپارلیمانی سپیکر ز کانفرنس (آئی ایس سی ) کے لئے پاکستان کی سفیر مصباح کھر نے اردن کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور اردن کے سفیر مان عبد الفتاح خریسات سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سفیر مصباح کھر نے اردن کے سفیر کو بین الپارلیمانی سپیکر ز کانفرنس کے مقاصد اور وژن سے تفصیلی آگاہ کیا۔ پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ ایک نیا اور اہم عالمی پلیٹ فارم ہے جو دنیا بھر کے پارلیمانوں کے سپیکرز اور قائدین کو ایک ساتھ لا کر امن، ترقی، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لئے پارلیمانی سفارتکاری اور عملی تعاون کو مضبوط بنائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو متفقہ طور پر آئی ایس سی کا پہلا صدر منتخب کیا گیا ہے جو اس بات کا مظہر ہے کہ دنیا پاکستان کی قیادت اور پارلیمانی کردار پر گہرا اعتماد رکھتی ہے۔
سفیر مصباح کھر نے اس موقع پر اردن کی قیادت کو باضابطہ دعوت دی کہ وہ 11 اور 12 نومبر 2025ء کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے آئی ایس سی اجلاس میں بھرپور شرکت کریں جس کا مرکزی موضوع ’’امن، ترقی، استحکام اور سلامتی‘‘ ہے۔اردن کے سفیر مان عبد الفتاح خریسات نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اردن کے مابین برادرانہ تعلقات مثالی ہیں اور اردن اس کانفرنس کو نہ صرف خوش آئند سمجھتا ہے بلکہ پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اردن بین الپارلیمانی سپیکر ز کانفرنس کے پلیٹ فارم کو عالمی اہمیت کا حامل بنانے کے لئے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔سفیر مصباح کھر نے معزز سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لئے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی موجود تھے۔
– Advertisement –