ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے ہم پر دباؤ ڈالا گیا، جو 28 مئی کو کیا وہ تھا ایبسولوٹلی ناٹ: نواز

ایٹمی دھماکوں سے روکنے کیلئے ہم پر دباؤ ڈالا گیا، جو 28 مئی کو کیا وہ تھا ایبسولوٹلی ناٹ: نواز

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکوں سے روکنے کے لیے ہم پر دباؤ ڈالا گیا لیکن جو 28 مئی 1998 کو کیا وہ تھا ’ایبسولوٹلی ناٹ۔

لاہور میں لبرٹی چوک پر یوم تکبیر کے موقع پر تقریب سے آڈیو پیغام میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ ایٹمی دھماکوں کی آج سلور جوبلی ہے، 25 سال ہوگئے ہیں، ہمیں تاریخ کی بہت بڑی آزمائش کا سامنا تھا، ایک طرف ملک کا دفاع اور دوسری طرف اربوں ڈالر کی پیشکش تھی، ایک طرف بڑی طاقتوں کی دھمکیاں تھیں،کئی تو ناقابل برداشت تھیں، امتحان کی گھڑی میں اللہ نے ہمیں ہمت دی، درست فیصلہ کرنے کی توفیق دی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی اندیشےکے بغیر متعلقہ افراد کو ایٹمی دھماکوں کی تیاری کی ہدایت کی، ہم پر کیسے کیسے دباؤ ڈالے گئے کیسی کیسی پیشکشیں کی گئیں، اللہ کے فضل وکرم سےآج کےدن پاکستان ساتویں ایٹمی طاقت بن کرابھرا، یہ ہے ایبسولیوٹلی ناٹ۔

نواز شریف کا کہنا تھاکہ ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، کسی کو میلی آنکھ سے دینے کی اجازت نہیں دے سکتے، خواہش تھی ساتویں معاشی طاقت بھی بنیں، افسوس سےکہنا پڑتا ہےکچھ لوگوں نےمیری ٹانگیں کھینچنی شروع کردیں، نہ جانے ان لوگوں کو ملک سے کیا بیر ہے ہنستے بستے ملک کو خراب کر دینا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اللہ نےجب بھی موقع دیا، خلوص کےساتھ آپ کی خدمت کی، ملک سے دہشت گردی،لوڈ شیڈنگ کس نے ختم کی، کراچی سے بد امنی کس نے ختم کی، ملک میں موٹرویزکاجال کس نےبچھایا، میری آرزو ہے پاکستان ہر شعبے میں ایٹمی طاقت بنے، ہمارے سبز پاسپورٹ کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو کئی سال پیچھے دھکیلنے والے آج بے نقاب ہوگئے ہیں، اللہ نے یہ ملک ہمیں 9 مئی جیسے واقعات کےلیے نہیں عطاکیا، 9 مئی اور 28 مئی دو الگ الگ علامتیں ہیں، جو ہمیشہ رہیں گی، پاکستان کا بچہ بچہ 9 مئی سے نفرت اور 28 مئی سے محبت کرتا رہے گا۔