برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

لندن: برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، برمنگھم میں ایک ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے، جن میں سے چار کو بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ 2 کم عمر بچے لا پتا ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے متعدد علاقوں میں پارہ منفی 4 ڈگری تک جا پہنچا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو ہفتوں تک برطانیہ بھر میں شدید برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک گر سکتا ہے۔

لندن، برمنگھم، مانچسٹر، ایڈمبرا سمیت مختلف علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، جس سے ہر سو سفیدی چھا گئی، اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

گلوسسٹرشائر میں پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، بسیں اور ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، مانچسٹر ایئرپورٹ کا رن وے برف سے ڈھک گیا، ہیتھرو ایئر پورٹ بھی برف باری کی زد میں ہے، اور فلائٹ سروس متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

برمنگھم میں چھ بچے ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے نیچے گر گئے، چار بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق، سولیہل میں منجمد درجہ حرارت کے درمیان ایک جھیل میں ڈوبنے والے دو بچوں کے لا پتا ہونے کا خدشہ ہے، جن کی تلاش جاری ہے، تاہم ان کے بچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔

آج صبح برطانیہ بھر میں وسیع پیمانے پر سفری خلل واقع ہوا، میٹ آفس کی جانب سے ملک میں برف باری، دھند اور ژالہ باری کے لیے زرد موسم کی وارننگ برقرار ہے۔ میٹ آفس نے الرٹ جاری کیا ہے کہ درجہ حرارت رات بھر انجماد سے کافی نیچے رہنے اور سردی کی بارشوں کے ساتھ مل کر برفیلی صورت حال پیدا کرنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مختلف حصوں میں برف باری، ژالہ باری اور جمنے والی دھند کئی دنوں تک جاری رہے گی، شمال مشرقی اسکاٹ لینڈ میں رات بھر درجہ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو، یہ برطانیہ میں گزشتہ سال فروری کے بعد سے دیکھا گیا سب سے کم درجہ حرارت ہوگا۔