یوکرین پر روس کا حملہ، کیف میں پھنسے پاکستانی طلبہ انخلا کے منتظر

یوکرین پر روس کا حملہ، کیف میں پھنسے پاکستانی طلبہ انخلا کے منتظر

اسلام آباد یوکرین پر روس کے حملے کے بعد جہاں دنیا کے مختلف ممالک تشویش کا اظہار کر رہے ہیں وہیں کئی ممالک یوکرین سے اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے بھی فکر مند ہیں۔ ایسے ہی ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے جہاں کے کئی شہری اب بھی یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔

روسی حملے کے پیشِ نظر کئی روز قبل ہی پاکستانی حکام نے یوکرین کے مختلف شہروں میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کو ملک سے نکلنے کی ہدایت کی تھی، تاہم اب بھی بہت سے پاکستانی طلبہ یوکرین میں موجود ہیں۔

جنگ کے باعث یوکرین نے فضائی آپریشن بند کر دیے ہیں جس کے بعد ملک سے کوئی بھی ایئرلائن آپریٹ نہیں ہو رہی۔ دارالحکومت کیف سے بڑی تعداد میں لوگ اپنی گاڑیوں، بسوں اور ٹرینوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقلی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

کیف میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیف چھوڑ کر یوکرین کے شہر ترنوپل پہنچیں۔

سفارت خانے کی جانب سے کی گئی گئی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ترنوپل سے طلبہ کی بحفاظت واپسی کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔

The Airspace of Ukraine is closed. The Embassy is in touch with the students who couldn’t leave according to the Advice given to them earlier.They have been asked to go to Tarnopil. Where arrangements for thier evacuation will be made as situation allows.#ForeignOfficePk— Pakistan Embassy Ukraine (@PakinUkraine) February 24, 2022

پاکستانی حکام کے مطابق لگ بھگ 500 کے قریب پاکستانی طلبہ یوکرین میں موجود ہیں جب کہ یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر کے مطابق پاکستانی شہریوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار کے لگ بھگ ہے۔

ایسے ہی طلبہ میں کیف میڈیکل یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم شعبان نجم بھی ہیں۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہاسٹلز سے بیشتر طلبہ جا چکے ہیں، لیکن اُن سمیت 20 پاکستانی طلبہ اس کوشش میں ہیں کہ وہ کیف سے بحفاظت نکل سکیں۔

شعبان کا کہنا تھا کہ کیف سے نکل کر آٹھ، نو گھنٹے کی مسافت پر واقع شہر ترنوپل پہنچنا اتنا آسان نہیں ہے۔

اُن کے بقول وہ کیف سے نکلنے کے لیے کوشاں ہیں کیوں کہ یوکرین کی فضائی حدود بند ہیں، لہذٰا اُنہیں سمجھ نہیں آ رہی ہے کہ وہ وطن واپس کیسے پہنچیں گے۔

کیف میں ہی زیرِ تعلیم طالبِ علم عقیل الرحمٰن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ اور دیگر طلبہ کافی گھبرائے ہوئے ہیں کیوں کہ شہر پر مسلسل بمباری ہو رہی ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران جمعرات کو روس اور یوکرین کے نمائندوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پیدا ہونے والی صورتِ حال اور یوکرین کے نمائندے کی گفتگو دیکھیے اس ویڈیو میں۔#Ukraine #Russia #UrduVOA pic.twitter.com/qElxkfLXWB— VOA Urdu (@URDUVOA) February 24, 2022

پاکستانی کشمیر سے تعلق رکھنے والے عقیل کا مزید کہنا تھا کہ وہ بمشکل اپنے خاندان والوں سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ تاہم اُن کی پہلی ترجیح یوکرین سے نکلنا ہے اور وہ کوشش کر رہے ہیں کہ کسی طرح برطانیہ میں مقیم اپنے رشتہ داروں کے ہاں پہنچ جائیں۔ لیکن اُن کا کہنا ہے کہ روسی حملے کے بعد سفارت خانے بند ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی ملک کا ویزہ ملنا مشکل ہے۔

شعبان، کیف کے حالات کی منظر کشی کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ شہر میں عجیب سے ویرانی ہے جب کہ پیٹرول پمپس اور اشیائے خورونوش کی دکانوں کے باہر لوگوں کا رش ہے۔

اُن کے بقول اُن کے پاس تو کھانے پینے کی اشیا فی الحال موجود ہیں، لیکن اگر یہ لڑائی طول پکڑتی ہے تو اُنہیں نہیں معلوم کہ مستقبل میں حالات کس رُخ پر جائیں گے۔

عقیل الرحمٰن کہتے ہیں کہ اُنہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ ترنوپل پہنچ کر کس سے رابطہ کرنا ہے، لہذٰا ایسی اُدھوری معلومات کی وجہ سے اُن کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

اُن کے بقول وہ پاکستانی سفارت خانے سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مزید معلومات مل سکیں۔

روس نے یوکرین پر حملہ ایسے وقت میں کیا ہے جب پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ماسکو میں موجود ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان یہ واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کسی بھی تنازع کے فوجی حل کے حق میں نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس تنازع میں فریق بنے گا۔ تاہم بعض مبصرین کے مطابق اس جنگ کے سیاسی اثرات سے زیادہ پاکستان پر اس کے معاشی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔