رواں برس کون سے افراد حج نہیں کرسکیں گے؟ سعودی حکومت نے بتادیا

رواں برس کون سے افراد حج نہیں کرسکیں گے؟ سعودی حکومت نے بتادیا

ریاض : سعودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر سعودی عرب آنے والے حج ادا نہیں کرسکتے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحتی ویزے پر سعودی عرب آنے والے حج نہیں کرسکتے، صرف وہی افراد حج کرسکتے ہیں جن کے پاس ویزا ہو اور جو اقامہ رکھتے ہیں۔

سعودی حکام نے بتایا کہ رواں برس دس لاکھ مقامی اور غیر ملکی عازمین کو حج کی اجازت ہوگی، کورونا وبا کے باعث دو سال میں حج کے موقع پر عازمین کی تعداد بہت کم تھی۔

اس سال پینسٹھ سال سے کم عمر افراد حج کرسکیں گے تاہم عازمین کو مملکت روانگی سے باہتر گھنٹے قبل کورونا کا پی سی آر ٹیسٹ دینا ہوگا جبکہ عازمین کے پاس وزارت صحت سے منظور شدہ ویکسین سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔

خیال رہے گزشتہ برس اٹھاون ہزار سات سو پینتالیس افراد نے فریضہ حج ادا کیا تھا۔

یاد رہے سعودی حکومت نے بیرون ملک عازمین حج کو رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا ہر ملک سے کوٹے کے مطابق عازمین آئیں گے۔